صیہونی وزیر اعظم کے دورہ ہند کی مخالفت
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i310803-صیہونی_وزیر_اعظم_کے_دورہ_ہند_کی_مخالفت
غاصب اسرائیلی وزیر اعظم کے دورے ہند کے خلاف احمد آباد میں جمعیت علماء ہند نے زبردست احتجاج کیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۸, ۲۰۱۸ ۰۵:۵۹ Asia/Tehran
  • صیہونی وزیر اعظم کے دورہ ہند کی مخالفت

غاصب اسرائیلی وزیر اعظم کے دورے ہند کے خلاف احمد آباد میں جمعیت علماء ہند نے زبردست احتجاج کیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے احمد آباد پہنچنے پر کل جمعیت علماء ہند نے سابرمتی آشرم اور  یہودی معبد خانہ کے پاس احتجاج کرنے کی تیاری کر رکھی تھی لیکن عین وقت پر احمد آباد پولس انتظامیہ نے اس کی اجازت نہیں دی ۔ اس کے بعد خان پور میں واقع جمعیت دفتر میں منعقد ہونے والی پریس کانفرنس کو کو بھی روکنے کی کوشش کی گئی تاہم جمعیت علماء ہند کے قومی جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر جمعیت علماء گجرات کے دفتر میں تنظیم کے کارکنان احتجاجی بینر اور پلے کارڈ اٹھائے جمع ہوئے اور دوپہر بارہ بجے پریس کانفرنس شروع ہوئی ۔

 پریس کانفرنس میں جمعیت علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی اور دیگر رہنماوں نے احمد آباد پولیس انتظامیہ کے رویے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے ایمرجنسی جیسے حالات سے تعبیر کیا ۔

پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ ہم اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ہندوستان آمد اور اس سے مختلف میدانوں میں تعلقات وسیع کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔

ہندوستان کے عوام نے ہمیشہ فلسطینی کاز کی حمایت کی ہے، نیز اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے متاثرہ تباہ حال فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی انسانی حقوق کے تحفظ اور عالمی امن کی حمایت میں رہی ہے مگر ان دنوں اس سے انحراف کی راہ اختیار کی جا رہی ہے۔