ہندوستان اور پاکستان کشیدگی دور کریں، محبوبہ مفتی
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے نئی دہلی اور اسلام آباد سے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیر اعلی اور پی ڈی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے جموں و کشمیر کی ریاستی اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے دوران ایک بیان میں ہندوستان اور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ مسائل کے حل کے لئے مذاکراتی عمل بحال کریں اور مسائل کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کریں۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ علاقے میں امن کی مکمل بحالی کے لئے نئی دہلی اور اسلام آباد کے درمیان مذاکرات شروع کئے جانے کی ضرورت ہے۔
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کی وزیر اعلی نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی جاری رہنے سے دونوں ملکوں کے عوام کو نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ مسئلہ کشمیر حل کئے جانے سے دونوں ملکوں کی ترقی میں تیز رفتار اضافہ ہو گا۔
واضح رہے کہ کشمیر کی کنٹرول لائن پر فائرنگ کے تبادلے میں حال ہی میں دونوں ملکوں کے دسیوں فوجی مارے گئے ہیں جس کے نتیجے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بھی بڑھتی جا رہی ہے۔