ہندستان کے زیر انتطام کشمیر میں مظاہرے اور ہڑتال
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکورٹی فورس کے ساتھ جھڑپ میں دو مبنیہ عسکریت پسند اور ایک نوجوان کی ہلاکت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ہمارے نمائندہ سری نگر کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں اور وادی کے دیگر علاقوں میں مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقوں میں پولیس اور سیکورٹی فورس کے ساتھ تصادم کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔
حکام نے حالات پر قابو پانے کے لیے علاقے میں سیکورٹی فورس کی بھاری نفری تعینات کر دی جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی۔ ہڑتال اور مظاہروں کے باعث ٹرین سروس بھی بند ہو گئی اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔
یہ مظاہرے ہندوستانی سیکورٹی فورس کی شبانہ کاروائی اور مقامی آبادی پر احتجاج کے دوران سیکورٹی فورس کی مبینہ فائرنگ میں ایک نوجوان کی ہلاکت اور دو لڑکیوں کے زخمی ہونے کے خلاف کئے جارہے ہیں۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ جنوبی کشمیر کےعلاقے شوپیاں میں ہندوستانی سیکورٹی فورس نے ایک شبانہ کاروائی میں دو مبینہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ سیکورٹی فورس کے آپریشن کے خلاف مقامی آبادی نے مظاہرہ کیا جس کے دوران سیکورٹی فورس کی مبینہ فائرنگ میں ایک سترہ سالہ نوجوان ہلاک اور دو لڑکیاں شدید زخمی ہو گئیں۔