ہندوستان: چھتیس گڑھ میں دھماکہ، 6 سیکورٹی اہلکار ہلاک
May ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
ہندوستان کی ریاست چھتّیس گڑھ میں بارودی سرنگ کے ایک دھماکے میں اس ملک کے کم از کم چھے سیکورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ماؤ نواز باغیوں نے دنتےواڑہ کے علاقے چول نار میں ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی کے راستے میں دھماکہ کر دیا جس کے نتیجے میں چھے سیکورٹی اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ یہ دھماکہ ایک پل کے قریب ہوا۔
بتایا جاتا ہے کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی گاڑی کے پڑخچے اڑ گئے۔ ماؤ نواز چھاپہ ماروں نے ہندوستان کے سیکورٹی اہلکاروں کے ہتھیار بھی لوٹ لئے۔ دو مئی کو چھتیس گڑھ کے علاقے گریا بند ضلعے میں سیکورٹی اہلکاروں پر ہونے والے حملے میں دو سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔