وادی کشمیر میں حالات کشیدہ ،پر تشدد مظاہرہ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i327398-وادی_کشمیر_میں_حالات_کشیدہ_پر_تشدد_مظاہرہ
ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر مقام سرینگر میں سی آرپی ایف کی گاڑی سے کچل کر ایک کشمیری نوجوان کی موت سے برہم لوگوں نے ہفتے کو بھی زبردست پرتشدد مظاہرہ کیا - جبکہ سی آر پی ایف سرینگر یونٹ کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
(last modified 2025-07-01T12:42:33+00:00 )
Jun ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۱:۱۲ Asia/Tehran
  • وادی کشمیر میں حالات کشیدہ ،پر تشدد مظاہرہ

ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے صدر مقام سرینگر میں سی آرپی ایف کی گاڑی سے کچل کر ایک کشمیری نوجوان کی موت سے برہم لوگوں نے ہفتے کو بھی زبردست پرتشدد مظاہرہ کیا - جبکہ سی آر پی ایف سرینگر یونٹ کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔

سری نگر سے موصولہ خبروں کے مطابق سی آر پی ایف کی گاڑی سے کچل کر جاں بحق ہونے والے کشمیری نوجوان کے جلوس جنازہ میں بہت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور پھر یہ جلوس جنازہ پر تشدد مظاہرے میں تبدیل ہوگیا جس کے دوران لوگوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے۔
سیکورٹی فورس اور پولیس کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغنے کے ساتھ ساتھ پیلٹ گنوں کا بھی استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جمعے کو نماز کے بعد سری نگر میں مظاہرے کے دوران تین نوجوان سی آر پی ایف کی گاڑی سے کچل گئے تھے جن میں سے ایک قیصر احمد بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔
ہفتے کی صبح جب اس کی موت واقع ہوجانے کی خبر وادی میں پھیلی تو لوگوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور اس کے جلوس جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جو پرتشدد مظاہرے میں تبدیل ہوگیا۔
سی آر پی ایف کی گاڑی سے کچل کر مذکورہ نوجوان کی ہلاکت اور دو دیگر کے زخمی ہونے کے بعد سی آر پی ایف سری نگر یونٹ کے خلاف معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
 سری نگر کے پائین شہر علاقے کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں حالات سخت کشیدہ ہیں اور حکام نے بدگام میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے جبکہ سری نگر کے پائین شہر علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔