ہند پاک مذاکرات پر آمادگی کی خبروں کے بارے میں متضاد اطلاعات
پاکستانی ذرائع کے مطابق نئی دہلی نے اسلام آباد کے ساتھ مذاکرات کے لئے آمادگی کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستانی میڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ پاکستان کے قیام امن کے لیے مذاکرات کی پیش کش پر ہندوستان نے مثبت جواب دیا ہے۔اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خط لکھے ہیں۔رپورٹ کے مطابق دونوں خطوط پاکستان کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے خطوط کے جواب میں لکھے گئے ہیں ۔پاکستانی میڈیا کے مطابق دونوں خطوط میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان از سر نو جامع مذاکرات شروع کرنے کی بات کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان خطے میں امن اور ترقی اور خطے کے تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے۔ہندوستانی قیادت کے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندوستان پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم ان مذاکرات میں دہشت گردی کے معاملے پر خصوصی توجہ ہونی چاہیے۔ اس درمیان یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ہندوستانی حکام کی جانب سے پاکستانی حکام کے خطوط کے جواب دئے گئے ہیں لیکن ان خطوط میں مذاکرات کے لئے آمادگی کی کوئی بات نہیں ہے - ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے اس سلسلے میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ رائج سفارتی آداب کے تحت ہندوستانی وزیراعظم اور وزیرخارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات کا جواب دیا ہے لیکن مذاکرات کی آمادگی کی کوئی بات نہیں کی گئی ہے -