اپنے قومی مفادات پر ہندوستان کی تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i351069-اپنے_قومی_مفادات_پر_ہندوستان_کی_تاکید
ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیئو سے ملاقات میں و اضح کیا ہے کہ ہندوستان دیگر ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات میں قومی مفادات کو سب سے اوپر رکھے گا اور امریکی پابندیوں کی پرواہ نہیں کرے گا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۶, ۲۰۱۹ ۱۳:۴۷ Asia/Tehran
  • اپنے قومی مفادات پر ہندوستان کی تاکید

ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیئو سے ملاقات میں و اضح کیا ہے کہ ہندوستان دیگر ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات میں قومی مفادات کو سب سے اوپر رکھے گا اور امریکی پابندیوں کی پرواہ نہیں کرے گا۔

ہندوستان کے دورے پر گئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیئو سے ملاقات میں ہندوستانی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ان کا ملک امریکی پابندیوں کا سامنا کر رہے روس سمیت دیگر ملکوں کے ساتھ تعلقات میں اپنے قومی مفادات کو سب سے اوپر رکھے گا-

روس سے ایس فورہنڈریڈ کی خریداری اور ایران کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کے بارے میں ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے بہت سے ملکوں سے تعلقات ہیں جن کی اپنی ایک تاریخ ہے اور ہم وہی کریں گے جو ہمارے قومی مفاد میں ہو گا-

انہوں نے کہا کہ ہندوستان دوسرے ملکوں کے قومی مفادات کا احترام کرتا ہے- ہندوستانی وزیرخارجہ نے کہا ان کا ملک ایسے مواقع اور جگہ تلاش کر رہا ہے جہاں عالمی بھلائی کے لئے آزاد شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا سکے- مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ بحرھند اور بحرالکاہل میں شراکت، کسی کے خلاف نہیں ہے بلکہ یہ امن و سلامتی اور استحکام نیز خوشحالی کے لئے ہے-

یاد رہے کہ ہندوستانی وزیر خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ سے یہ دوٹوک بات، ایک ایسے وقت کہی ہے جب امریکا ہندوستان پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ روس سے ایس فورہینڈریڈ میزائل سسٹم نہ خریدے اور ایران کے ساتھ اپنے تعلقات محدود کرے۔