ہندوستان کا 6 جنگی بحری جہاز خریدنے کا اعلان
ہندوستان نے بحری جہاز تیار کرنے والی بین الاقوامی کمپنیوں سے جنگی جہاز خریدنے کا اعلان کیا ہے۔
نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ہندوستان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس نے دنیا کی سات بڑی کمپینوں سے چھے جنگی بحری جہازوں اورمتعدد جنگی کشتیوں کی فراہمی کے لیے ٹنیڈرز طلب کیے ہیں۔ہندوستان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اس مقصد کے لیے دو ارب بیس کروڑ ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔ادھراکنامک ٹائمز کا کہنا ہے کہ حکومت ہندوستان چاہتی ہے کہ یہ جنگی بحری جہاز ہندوستانی اور بین الاقوامی کمپنیوں کے اشتراک سے تیار کیے جائیں۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت نے ہندوستانی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور علاقائی و بین الاقوامی خطرات اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنانے کے لیے ڈھائی سو ارب ڈالر کا بجٹ مختص کیا ہے۔ہندوستانی بحریہ سن دوہزار ستائیس تک اپنے پاس موجود جنگی جہازوں کی تعداد دو سو تک پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس وقت ہندوستانی بحریہ کے پاس ایک سوچالیس جھوٹے بڑے جنگی بحری جہاز موجود ہیں۔