ہندوستان اور امریکہ کے بے نتیجے تجارتی مذاکرات
Jul ۱۳, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۵ Asia/Tehran
عائد کئے جانے والے ٹیکس کے مسئلے پر اختلافات کو حل کرنے کے لئے ہندوستان اور امریکہ کے مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے باخبر حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان نئی دہلی میں ہونے والے مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔
ان مذاکرات میں امریکی فریق نے ہندوستان سے امریکی مصنوعات پر عائد کی جانے والی ڈیوٹی ختم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر اسے ہندوستانی حکام کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکہ کی جانب سے اسٹیل اور المونیم پر درآمداتی ٹیکس عائد کئے جانے کے ایک سال کے بعد ہندوستان نے بھی جوابی اقدام کے طور پر امریکہ سے درآمد کی جانے والی انتیس مصنوعات پر ٹیکس عائد کر دیا۔
نئی دہلی کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے ٹیکس ختم کئے جانے پر ہندوستان بھی امریکی مصنوعات پر ٹیکس لگانا بند کر دے گا۔