ہندوستان کی لوک سبھا میں تین طلاق پر بل پیش
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i352411-ہندوستان_کی_لوک_سبھا_میں_تین_طلاق_پر_بل_پیش
ہندوستان کی مرکزی حکومت نے تین طلاق پر پابندی کے مسلم خواتین بل دو ہزار انیس پارلیمنٹ میں بحث کے لئے پیش کر دیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۲۵, ۲۰۱۹ ۱۵:۱۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی لوک سبھا میں تین طلاق پر بل پیش

ہندوستان کی مرکزی حکومت نے تین طلاق پر پابندی کے مسلم خواتین بل دو ہزار انیس پارلیمنٹ میں بحث کے لئے پیش کر دیا۔

ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق جمعرات کو مسلم خواتین تحفظ حقوق شادی بل دو ہزار انیس لوک سبھا میں بحث کے لئے پیش کرنے کے بعد مرکزی وزیر قانون روی شنکر پرساد نے دعوا کیا ہے کہ اس بل کا مقصد مسلم سماج میں معمولی بات پر طلاق جیسی سماجی برائی سے متاثرہ خواتین کو انصاف دلانا ہے۔
انھوں نے دعوا کیا کہ مسلم خواتین کو تین طلاق سے نجات دلانے کے لئے بیس ملکوں میں قانون موجود ہے۔ ہندوستان کے وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان میں بھی تین طلاق پر پابندی کا قانون موجود ہے تو ہندوستان میں مسلم خواتین کو تحفظ دینے کے لئے اس طرح کا قانون کیوں نہ بنایا جائے۔
دوسری طرف حزب اختلاف کی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ نے اس بل کی سخت مخالفت کی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ نے کہا کہ حکومت نے اس بل میں جلد بازی کی ہے اور اس کا مقصد ایک مخصوص فرقے کو نشانہ بنانا ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے صدر اسدالدین اویسی، ترنمول کانگریس پارٹی کے سوگت رائے ، ریولوشنری سوشلسٹ پارٹی کے پریم چندرن اور کانگریس پارٹی کے ششی تھرور اور ادھیر رنجن نے بل کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔