امرناتھ یاتر رد کرنے پر کرن سنگھ کا مرکزی حکومت پر حملہ
Aug ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۵:۳۸ Asia/Tehran
ہندوستان میں حزب اختلاف کانگریس کے سینیئر رہنما کرن سنگھ نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کشمیر میں اپنے تازہ ترین اقدام کی وضاحت کرے۔
کانگریس کے سینیئر رہنما کرن سنگھ نے کہا ہے کہ امرناتھ یاترا معطل کرنے اور سیاحوں کو وادی کشمیر سے واپس لوٹنے کی ایڈوائزری جاری کرنے کے حکومت کے اقدام سے خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔کرن سنگھ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس کے اسباب سے متعلق فورا صورتحال واضح کرے ۔نئی دہلی میں پارٹی کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کرن سنگھ نے کہا کہ وہ گذشتہ ستر برسوں سے وہ عوامی زندگی رہے ہیں لیکن امرناتھ یاترا اس سے پہلے کبھی نہیں روکی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست جموں کشمیر میں پہلے سے ہی بھاری تعداد میں فوج موجود تھی اور اب مزید تیس ہزار فوجی بھیجنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے اس سے خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کیا کوئی تبدیلی آنے والی ہے یا کوئی حملہ ہونے والا ہے اس پر حکومت کو وضاحت پیش کرنی چاہئے۔