وادی کشمیر میں آرٹیکل تین سو ستر ہٹانے کے خلاف مظاہرہ
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے مختلف علاقوں میں کشمیری عوام کے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ وادی کے مختلف علاقوں میں کشمیری عوام نے اتوار کو بھی حکومت ہندوستان کے خلاف مظاہرے کئے ۔ ان مظاہروں میں کشمیری عوام نے آئین کی دفعہ تین سو ستر ختم کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے ، ہندوستان سے علیحدگی کےحق میں نعرے لگائے ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سرینگر میں احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں لوگوں نے حصہ لیا ۔ بعض جگہوں پر مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان تصادم کی بھی خبر ہے ۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ ہی ، پیلیٹ گنوں کا بھی استعمال کیا ۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ انٹر نیٹ سروسیز اور ٹیلیفون لائنیں بدستور بند ہونے کی وجہ سے دوسرے علاقوں سے وادی کا رابطہ پوری طرح منقطع ہے اور وادی کے حالات کے بارے میں صحیح خبریں نہیں مل پارہی ہیں ۔ اس درمیان حکومت ہندوستان نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے دن وادی میں کرفیو میں ڈھیل دی جائےگی اور عیدمنانے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی ۔