ہندوستان بھر میں مظاہرے جاری
ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ملک گیر مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی کے مختلف علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد مسلمانوں نے احتجاجی جلوس نکالے اور حکومت سے شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آرسی کو بھی واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں نکالےگئے احتجاجی جلوسوں میں دوسرے مذاہب کے لوگوں نے بھی شرکت کی۔
اسی کے ساتھ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سامنے بھی جمعے کو شہریت ترمیمی ایکٹ، این آر سی اور این پی کے مخالفین نے اجتماع کیا۔
ادھر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں طلبا نے جمعے کو اپنے احتجاجی دھرنے میں دوپہر دو بجے کے بعد، ہندوستانی آئین کا پری ایمبل ایک ساتھ پڑھ کے آئین کے تحفظ کا عہد کیا۔
قابل ذکر ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کیمپس پر گزشتہ ہفتے اتوار کی رات پولیس کے وحشیانہ حملے کے بعد یونیورسٹی میں پانچ جنوری تک چھٹی کا اعلان کردیا گیا تھا لیکن طلبا چند روز کے بعد دوبارہ واپس آگئے اور دھرنوں اور شبینہ مظاہروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیا ہے۔
اسی کے ساتھ ریاست اتر پردیش، بہار، مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، آسام، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، کرناٹک، آندھرا پریش اور کیرالا اور تلنگانہ سمیت پورے ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ، این آر سی اور این پی آر کے خلاف جمعے کو بڑے بڑے احتجاجی جلوس اوریلیاں نکالی گئیں۔