شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف تمام درخواستوں کو یکجا کرنے کا حکم
Jan ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۴:۵۶ Asia/Tehran
ہندوستانی سپریم کورٹ نے شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مختلف ریاستوں کی ہائی کورٹوں میں داخل کرائی گئی اپیلوں کو عدالت میں عظمی میں منتقل کرنے کی مرکزی حکومت کی اپیل پر نوٹس جاری کردیے ہیں۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی عدالت عظمی نے مرکزی حکومت کی اپیل کو سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے ان سبھی ریاستوں کے متعلقہ سرکاری اداروں کو نوٹس جاری کردیئے ہیں جن کی ہائی کورٹوں میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہیں۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے، جسٹس بی آر گوگوئی اور جسٹس سوریہ پرکاش نے مرکزی حکومت کی اپیل کی سماعت کی۔ ہندوستان سالیسٹر جنرل نے سماعت کے دوران موقف اپنایا ہے کہ مختلف ریاستوں کی ہائی کورٹ اس معاملے میں الگ الگ فیصلے صادر کرسکتی ہیں اس لئے سبھی اپیلوں کو عدالت عظمی میں منتقل کردیا جائے۔
یاد رہے کہ ہندوستان میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آرسی کے خلاف تقریبا چار ہفتے سے ملک گیر مظاہرے جاری ہیں۔ ان مظاہروں کے ساتھ ہی مختلف تنظیموں اور عوامی حلقوں نے شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف عدالتوں سے بھی رجوع کیا ہے۔