ہندوستان میں پھر ٹوٹا کورونا کا ریکارڈ
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i369472-ہندوستان_میں_پھر_ٹوٹا_کورونا_کا_ریکارڈ
ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی دن میں کوروناوائرس کے ریکارڈ 40 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
Jul ۲۰, ۲۰۲۰ ۰۹:۳۱ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں پھر ٹوٹا کورونا کا ریکارڈ

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی دن میں کوروناوائرس کے ریکارڈ 40 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ہندوستانی میڈیا نے مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 40 ہزار425 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 32 ہزار 475 ہو گئی جبکہ 675 افراد کے ہلاک ہونے سے جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر27 ہزار 707 ہو گئی۔

اس درمیان کورونا سے صحت مند ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک 7 لاکھ 9 ہزار 817 افراد کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں۔

ملک کی مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے حالات پر نگاہ ڈالیں تو سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد3 لاکھ 10 ہزار455 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد11 ہزار854 ہوگئی ہے ۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 46لاکھ 45 ہزار949 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 6 لاکھ 8 ہزار942 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 53لاکھ 54مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِعلاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 60 ہزار 73 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 87لاکھ 36ہزار 953 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔