ھندوستان میں کورونا کی رفتار پھر تیز
ہندوستان کی گیارہ ریاستوں میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی مرکزی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے زیر علاج میں مریضوں میں سب سے زیادہ اضافہ ریاست مہاراشٹر میں ایک ہزار ایک سو تیئس ، اس کے بعد چھتیس گڑھ میں دو سو انتس ، بہار میں ایک سو بہتر اور سب سے کم آٹھ مریضوں کا اضافہ میگھالیہ میں دیکھا گیا ۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دیگر سبھی علاقوں میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے اٹھارہ ہزار چھے سو پینتالیس نئے مریضوں کا اندراج ہوا جس کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ چار لاکھ پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی۔
اس دوران دو سو ایک کورونا کے مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد کورونا سے مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ پچاس ہزار نو سو ننانوے ہوگئی۔ ہندوستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں کورونا کے مزید انیس ہزار دو سو ننانوے مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک کروڑ پچھتر ہزار نو سو پچاس ہوگئی ہے۔