ہندوستان میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے ویبنیار
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i386665-ہندوستان_میں_فلسطین_سے_اظہار_یکجہتی_کے_لئے_ویبنیار
ہندوستان کے سرکردہ مذہبی اور سماجی رہنماؤں نے اسرائیل کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی اور فلسطینی کاز سے یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
(last modified 2026-01-16T11:59:24+00:00 )
May ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۶:۰۸ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے ویبنیار

ہندوستان کے سرکردہ مذہبی اور سماجی رہنماؤں نے اسرائیل کے ہاتھوں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کی اور فلسطینی کاز سے یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔

فرینڈز فار فلسطین کے نام سے منعقدہ آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مختلف رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کا فوری حل یہ ہے کہ القدس اور دیگر مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر خودساختہ صیہونی حکومت کے قبضے کا فوری خاتمہ کیا جائے اور اسرائیل کو اس کے تمام ظالمانہ اور جارحانہ ارادوں اور اقدامات روکنے پرمجبور کیا جائے۔

مقررین نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے مظالم کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر پارلیمنٹ اور ایگزیکٹیو کمیٹی آف پارلیمنٹرینس کے ممبر کے سی تیاگی نے کہا کہ ہمیں اس مسئلے کو مذہبی نہیں بلکہ انسانی ہمدردی کے نقطہ نظر سے دیکھنا چاہئے۔

مسلم پرسنل لاء بورڈ کے قائم مقام سیکریٹری مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لئے ایک مقدس مقام ہے اور ان کے مذہبی جذبات وابستہ ہیں۔

انڈیا فلسطین سولیڈیریٹی فورم کے نائب صدرشاہد پردھان کا کہنا تھا کہ دنیا کے تمام انصاف پسند ممالک کو نہ صرف اس کھلی جارحیت کی مذمت کرنی چاہئے بلکہ اسرائیل کو جارحیت سے روکنے کے لئے مؤثر اقدامات عمل میں لانا چاہییں۔

اس آن لائن پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے دیگر افراد میں، مہارشی گوسوامی، سوشیل جی مہاراج، ڈاکٹر ایم ڈی تھامس، پریس کلب آف انڈیا کے سکریٹری جنرل ونے کمار، سینئر صحافی سنتوش بھارتیہ اور سماجی کارکن فیروز میٹھیبور والا بھی شامل تھے۔ اس کےعلاوہ کچھ دیگر ملکوں کے سرگرم کارکنوں نے بھی اس پریس کانفرنس میں حصہ لیا -