صیہونی حکومت دنیا میں دہشت گردی پھیلا رہی ہے
Aug ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے صیہونیوں کے ہاتھوں فلسطینی بچے کو زندہ نذر آتش کئے جانے کی شدید مذمت کی ہے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اتوار کے روز تہران میں ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صیہونیوں کی جانب سے فلسطینی بچے کو نذر آتش کیا جانا گذشتہ عشروں سے جاری ان لاکھوں جرائم میں سے ایک ہے کہ جن کا انھوں نے ارتکاب کیا ہے- ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی حکومت ایک ایسی ناجائز حکومت ہے، جو علاقے اور پوری دنیا میں دہشت گردی پھیلا رہی ہے- حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ جو چیز علاقے میں بدامنی کا باعث ہے وہ غاصب صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات ہیں اور یہ بات قابل افسوس ہے کہ یہ اقدامات، عالمی حلقوں اور انسانی حقوق کے دعویدار بعض ممالک کی حمایت سے انجام پا رہے ہیں- حسین امیر عبداللہیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی عوام کے لئے جاری حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں، یہودیوں اور عیسائیوں کی شرکت سے پورے فلسطین میں ریفرینڈم اور استقامت کے ذریعے، مسئلہ فلسطین حل ہو سکتا ہے- واضح رہے کہ انتہاپسند صیہونی آبادکاروں نے جمعے کے روز فلسطینیوں کے دو گھروں کو آگ لگا دی اور ایک شیر خوار فلسطینی بچے کو زندہ نذر آتش کر دیا-