اسلامی ملکوں کے اتحاد پر صدر ایران کی تاکید
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i218074-اسلامی_ملکوں_کے_اتحاد_پر_صدر_ایران_کی_تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے عالم اسلام کی مشکلات کو برطرف کرنے کے لئے اسلامی ملکوں کے اتحاد کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۰:۳۶ Asia/Tehran
  • اسلامی ملکوں کے اتحاد پر صدر ایران کی تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے عالم اسلام کی مشکلات کو برطرف کرنے کے لئے اسلامی ملکوں کے اتحاد کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیر نے ہفتے کو اسلام آباد میں ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی- صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کی پالیسی ہمسایہ ممالک اور دیگرملکوں کے ساتھ دوستی کو مستحکم بنانا ہے، کہا کہ اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ وہ عالم اسلام کی مشکلات کو برطرف کرنے کے لئے متحد ہو جائیں- انہوں نے کہا کہ تہران، اسلام آباد کے ساتھ باہمی دلچپسی کے سبھی میدانوں میں اپنے تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا چاہتا ہے اوراسلامی جمہوریہ ایران سمجھتا ہے کہ تہران اور اسلام آباد کو دو طرفہ علاقائی اور عالمی سطح پر عالم اسلام میں اتحاد اور امن کے لئے کوشش کرنی چاہئے- صدر مملکت  ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور پاکستان کی طویل مشترکہ سرحدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سرحدوں کو دونوں ملکوں کی دوستی اور ترقی و خوشحالی کی سرحدوں میں تبدیل ہونا چاہئے- انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ضروری ہے کہ مشترکہ تجارتی زون قائم کر کے باہمی تجارت کو فروغ  دیا جائے- پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی کہا کہ اسلام آباد تمام میدانوں میں تہران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر جو دستخط ہوئے ہیں ان کو جلد سے جلد حتمی شکل دے کران پر عمل درآمد شروع کیا جانا چاہئے-