بارہ فروردین، ایران میں یوم اسلامی جمہوریہ
ایرانی کیلینڈر کی تاریخ بارہ فروردین ایران میں یوم اسلامی جمہوریہ ہے.
آج سے سینتیس سال قبل ایران کے عوام نے پہلی بار اپنی مرضی سے نظام حکومت کا انتخاب کیا تھا اور اٹھانوے فیصد سے زائد رائے دہندگان نے اسلامی جمہوریہ کا انتخاب کر کے الہی اور دینی تعلیمات کی بنیاد پر ایک حکومت کی تشکیل کے حق میں اپنا فیصلہ دیا تھا - یہ دن ایران کی تاریخ میں ایرانی عوام کی خواہش و مرضی اور عزم و ارادے کے متجلی ہونے کا دن ہے- بارہ فروردین مطابق یکم اپریل انیس اناسی کو انسانی تاریخ کی حریت پسندانہ تحریکوں کے کارناموں میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ ہوا جس کو عصر حاضرکی تاریخ میں ایک بے مثال واقعہ قرار دیا جا سکتا ہے- سینتیس سال قبل ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد نئی حکومت کے انتخاب کے لئے عوام کو ریفرنڈم میں شرکت کی دعوت دی گئی اور اٹھانوے اعشاریہ دو فیصد عوام نے اسلامی جمہوریہ کے حق میں ووٹ دیا اور پھر اس کے بعد سے یہ دن ایران اسلامی کی تاریخ میں جمہوریت کی عید کے طور پر منایا جاتاہے-
ایران کےعوام نے اسلامی انقلاب کے فورا بعد امام خمینی (رح) کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے پوری بصیرت اور آگہی کے ساتھ ریفرنڈم میں شرکت کر کے اپنے ملک کے لئے اسلامی جمہوری نظام کا انتخاب کیا اور انقلاب کےفورا بعد ہی پوری دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ ایران کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق اب صرف عوام کو ہے- اس تاریخی ریفرنڈم کے بعد امام خمینی (رح) نے فرمایا تھا کہ یہ دن یوم اللہ ہے- رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بھی بارہ فروردین کی تاریخ کو ایرانی تاریخ کا غیرمعمولی دن قرار دیا اور فرمایا کہ یہ دن اس لئے غیر معمولی ہے کہ صدر اسلام کے بعد اس دن پہلی بار ایک اسلامی حکومت کی بنیاد ڈالی گئی۔