Jan ۰۹, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۴ Asia/Tehran
  • آیت اللہ رفسنجانی  تحریک انقلاب میں منفرد شخصیت کے حامل تھے: ایرانی صدر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے نامور ایرانی رہنما اور سابق صدر آیت اللہ اکبر ہاشمی رفسنجانی کے حوالے سے کہا ہے کہ مرحوم نے ملک میں اسلامی انقلاب کی تحریک کے دوران ایک منفرد اور مثالی کردار ادا کیا-

ان خیالات کا اظہار صدراسلامی جمہوریہ ایران حسن روحانی نے پیر کے روز تہران میں واقع حسینیہ جماران میں اعلی ایرانی رہنما مرحوم آیت اللہ رفسنجانی کے جسد خاکی کے دیدار کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا -انہوں نے آیت اللہ اکبر ہاشمی رفسنجانی کی رحلت کی مناسبت سے ایرانی قوم بالخصوص رہبرانقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کو تعزیت پیش کی -

انہوں نے کہا کہ آپ نے ، تحریک اسلامی اورانقلاب کے دوران اہم ذمہ داریاں سرانجام دیں، ایران پر مسلط کی گئی آٹھ سالہ جنگ میں آپ کا کردارکسی سے پوشیدہ نہیں اور آپ نے ملکی وقاراوردفاع کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کیا- صدرروحانی نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ رفسنجانی ، بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رہ) کی زندگی کے آخری لمحات تک ان کے ساتھ ساتھ رہے اوراپنی زندگی کے آخری لمحات تک رہبراسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ خامنہ ای کے وفادار رہے-

در ایں اثنا پارلیمنٹ کے اسپیکرعلی لاریجانی نے پیرکے اجلاس میں آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم رفسنجانی کا نام ہمیشہ اسلامی انقلاب کے ہمراہ تھا اور رہے گا- ڈاکٹر لاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی ، انقلاب مخالف مختلف گروہوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں ٹھوس عزم و ارادے کے حامل تھے ، کہا کہ مرحوم رفسنجانی کا بنیادی کردار ملت ایران کو پرامید رکھنے اور دہشت گرد گروہ منافقین کے خلاف جدوجہد میں بہت زیادہ قابل مشاہدہ تھا-

مرحوم آیت اللہ رفسنجانی کی وفات کی خبر ملنے کے بعد ایران میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے - آپ کی  تشییع جنازہ کل بروز منگل انجام پائے گی اور اس دن سرکاری سطح پرعام تعطیل ہوگی -  آیت اللہ اکبر ہاشمی رفسنجانی کے جسد خاکی کو تہران میں امام خمینی (رہ) کی مرقد مطہر میں دفن کیا جائے گا.