ایران بھر میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی تقریبات کا آغاز
امام خمینی رح کی ایران آمد کے یادگار دن کی مناسبت سے ملک بھر میں آج سے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روز تقریبات کا آغاز ہو گیا۔
امام خمینی رح یکم فروری انیس سو اناسی کو پندرہ برس کی جلاوطنی کے بعد وطن واپس تشریف لائے تھے جہاں تہران کے مہرآباد ایئر پورٹ پر آپ کا بے مثال استقبال کیا گیا تھا۔
اسی مناسبت سے ہر سال تہران کے مہرآباد ایئرپورٹ پر خصوصی تقریب سے اسلامی انقلاب کی سالگرہ کی دس روزہ تقربیات کا آغاز کیا جاتا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق مہرآباد ایئر پورٹ پر منعقدہ خصوصی تقریب میں اعلی سول اور فوجی حکام شریک تھے اور صبح نو بج بجکر تینتیس منٹ پر فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج رہی تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب امام خمینی رح کے طیارے نے تہران کے مہر آباد ایئر پورٹ پر لینڈنگ کی تھی۔
بعدازان امام خمینی رح کے پرشکوہ اور تاریخی استقبال کی یاد میں سیکورٹی فورس کے موٹر سائیکل سواروں نے مہرآباد ایئرپورٹ سے بہشت زہرا قبرستان تک کا تقریبا تیس کلومیٹر کا راستہ طے کیا جہاں امام خمینی رح علیہ شہیدوں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے تشریف لے گئے تھے۔
مہرآباد ایئر پورٹ سے بہشت زہرا تک پورے راستے کو قومی پرچموں اور رنگین جھنڈیوں سے سجایا گیا اور جگہ جگہ اپنے محبوب قائد کی یاد میں پھول نچھاور کیے جاتے رہے۔
اس موقع پر بہشت زہرا قبرستان میں شہیدوں کے مزار پر ہیلی کاپٹروں کے ذریعے پھول بھی نچھاور کیے گئے۔
ایران بھر کے اسکولوں میں بھی خصوصی تقریبات کا انقعاد کیا گیا اور اسکولوں میں انقلاب کی گھنٹیاں بجائی گئیں۔ بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور شہیدوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔