رہبر انقلاب اسلامی کے نام صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا خط
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے رہبرانقلاب اسلامی کے نام ایک خط ارسال کرکے کہا ہے کہ نئے سال میں کابینہ کے پہلے ہی اجلاس میں ملکی پیداوار میں سرعت اور روزگار کے مواقع میں اضافے کو یقینی بنانے کے لئے قومی سطح پر کام کی تقسیم کردی جائے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو رہبرانقلاب اسلامی کے نام اپنے خط میں کہا کہ بلاشبہہ رہبرانقلاب اسلامی کی حمایت جواسلامی نظام کی تمام قوتوں اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی کا ستون ہے، حکومت کے اقتصادی اداروں کے لئے ایک گرانقدر سرمایہ بھی ہے تاکہ وہ اس کے ذریعے اپنی کوششیں اور تیز کرسکیں اور ملکی پیداوار میں حاصل شدہ ترقی کوپائیدار بناسکیں۔
انہوں نے کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی کی اس حمایت کی بدولت روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے کے لیے مزید تحرک پیدا ہوگا اوراقتصادی ادارے کام کی تلاش میں سرگرداں نوجوانوں کو روز گار سے لگاسکیں گے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ استقامتی معیشت کی پالیسیوں پر حکومت کا جو اعتقاد ہے اس کی بدولت وہ ملکی پیداوار میں شاندار اضافے کے باوجود جو کمی رہ گئی ہے اس کو بھی پورا کرے گی اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کرکے اسلامی جمہوری نظام کے باعث افتخار کارناموں میں مزید درخشاں باب کا اضافہ کرے گی۔
واضح رہے کہ رہبرانقلاب اسلامی نے پیر کو اپنے پیغام نوروز میں نئے ہجری شمسی سال کو استقامتی اقتصاد پیداوار اور روزگار کا نام دیا ہے۔ آپ نے اس پیغام میں فرمایا تھا کہ صرف استقامتی معیشت کے نام پر توجہ دینا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ملکی پیداوار اور روزگارکے مواقع میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیا جانا چاہئے۔