ایران کے نائب وزیر خارجہ کی افغان صدر سے ملاقات
ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ساتھ ملاقات میں انھیں قیام امن سے متعلق ایران کی کوششوں سے باخبر کیا۔
کابل کے ایوان صدر میں ہونے والی اس ملاقات میں ایران کے نائب وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے بین افغانی مذاکرات کے حوالے سے تہران کے موقف کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران افغانستان میں قیام امن کے لیے حکومت افغانستان کی سرکردگی میں افغانیوں کے درمیان مذاکرات کا خواہاں ہے۔
افغان نیوز ایجنسی آوا کے مطابق نائب ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورہ افغانستان میں دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹیجک تعاون کی دستاویزات کو حتمی شکل دینے اور امن کے عمل کو آگے بڑھانے کے بارے میں افغانستان کے اعلی حکام سے گفتگو کی۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کابل میں اپنے قیام کے دوران افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی اور افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے تہران کوششوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے قیام امن کے لیے ایران کوششوں کو سراہتے ہوئے افغان مہاجرین کی بہترین میزبانی پر ایران کا شکریہ بھی ادا کیا۔