شام پر صیہونی حکومت کے حملوں میں پانچ افراد جاں بحق
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i196764-شام_پر_صیہونی_حکومت_کے_حملوں_میں_پانچ_افراد_جاں_بحق
شام کے علاقے قنیطرہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۳:۳۷ Asia/Tehran
  • شام پر صیہونی حکومت کے حملوں میں پانچ افراد جاں بحق

شام کے علاقے قنیطرہ پر صیہونی حکومت کے حملوں میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے ہیں-

اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت کی فوج نے جمعرات کی رات شام کے صوبہ قنیطرہ کے علاقے الکوم میں ایک گاڑی پر ہوائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہو گئے- صوبہ قنیطرہ جولان کی پہاڑیوں پر واقع ہے اور جولان کی پہاڑیوں کے بڑے حصے پر صیہونی حکومت نے قبضہ کر رکھا ہے- اس سے پہلے بھی شامی ذرائع نے جولان کے غیر فوجی مقامات پر صیہونی فوج کے حملے کی خبر دی تھی- شامی ذرائع نے کہا کہ ایک اسرائیلی ہیلی کاپٹر نے قنیطرہ شہر میں گورنر ہاؤس اور وزارت ٹرانسپورٹ کی عمارت پر کئی میزائل داغے جس کے نتیجے میں صرف مالی نقصان ہوا- ادھر اسرائیلی عہدیداروں نے دعوی کیا ہے کہ قنیطرہ پر جمعرات کی رات ہونے والے ہوائی حملوں میں ان چار فلسطینیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جو جمعرات کے روز جولان سے الجلیل پر ہونے والے راکٹ حملے میں ملوث تھے- صیہونی حکومت کے وزیر جنگ موشے یعلون نے جمعرات کے روز تحریک جہاد اسلامی پر انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے شمال میں الجلیل شہر پر راکٹ فائر کرنے کا الزام لگایا تھا- دریں اثنا تحریک جہاد اسلامی نے موشے یعلون کے الزام کی تردید کرتے ہوئے اس کو اس تحریک اور اس کے رہنماؤں پر حملہ کرنے کا بہانہ قرار دیا ہے-