افغان سیکورٹی فورسز نے چھپن مسلح افراد کو ہلاک کر دیا
افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے حکومت مخالف چھپن مسلح افراد کو ہلاک کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے مختلف افغان علاقوں میں حکومت مخالف چھپن مسلح افراد کو ہلاک اور گیارہ کو زخمی کر دیا۔
افغانستان کی وزارت دفاع نے جمعرات کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا کہ افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے افغان فضائیہ اور بری فوج کی مدد سے گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبہ پکتیکا کے علاقے ولسوالی گومل میں القاعدہ کے چودہ افراد کو ہلاک کر دیا۔
بیان کے مطابق داعش گروہ کے انیس دہشت گرد بھی صوبہ ننگرہار میں ہونے والی کارروائی میں ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اروزگان، قندھار اور غزنی صوبوں میں ہونے والی کارروائیوں میں تئیس مسلح افراد کو ہلاک اور گیارہ کو زخمی کر دیا گیا۔
افغان وزارت دفاع کے مطابق چھے افغان فوجی بھی اس دوران مارے گئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ ان کارروائیوں میں افغان سیکورٹی فورسز نے تینتیس بارودی سرنگوں کا پتہ لگا کر ان کو ناکارہ بنا دیا۔
حکومت مخالفین نے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے۔