دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، شامی وزیر خارجہ
شام کے وزیر خارجہ ولید المعلم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھے جانے پر زور دیا ہے۔
دارالحکومت دمشق میں افریقی یونین اور عرب لیگ کے امور میں الجزائر کے وزیر عبدالقادر مساہل کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ ولید المعلم نے کہا کہ شام کی حکومت اور عوام، دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
افریقی یونین اور عرب لیگ کے امور میں الجزائر کے وزیر عبدالقادر مساہل نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شام کی حکومت اور عوام کی حمایت کرتا ہے۔
فریقین نے اس ملاقات میں دمشق اور الجزیرہ کے درمیان تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے دوسرے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
قبل ازیں افریقی یونین اور عرب لیگ کے امور میں الجزائر کے وزیر نے شام کی پارلیمنٹ کے سربراہ محمد جہاد اللحام سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ شام کے اسپیکر محمد جہاد اللحام نے اس ملاقات کے دوران کہا کہ شام کی حکومت اور عوام دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور ان کی استقامت کے نتیجے میں دہشت گردوں کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ پانچ سال سے جاری بحران شام کے بعد سے کسی بھی الجزائری وزیر کا یہ پہلا دورہ شام ہے۔