پارلیمنٹ کی کارروائی شروع کرنے کے لئے عراقی صدر کی اپیل
عراق کے صدر فواد معصوم نے اپنے ملک کی پارلیمنٹ کا اجلاس شروع کئے جانے کی اپیل کی ہے۔
العراقیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صدر فواد معصوم نے تمام عراقی جماعتوں اور گروہوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ نازک حالات میں سیاسی بحران کے حل کی غرض سے پارلیمنٹ کی کارروائی کے آغاز سے متعلق اپنی بھرپور کوشش کریں۔ انھوں نے پارلیمنٹ سمیت ملک کے مختلف اداروں پر عوامی اعتماد کی بحالی کے لئے مشترکہ اجلاس تشکیل دیئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
قومی آشتی کے امور میں عراقی صدر کے مشیر شیروان الوائلی نے بھی ملک کے موجودہ بحران کو عراق کے سیاسی عمل کے لئے خطرہ قرار دیا ہے اور اس بحران کو جلد سے جلد ختم کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔
واضح رہے کہ عراق میں موجودہ بحران، پارلیمنٹ میں مختلف جماعتوں کے درمیان اختلافات کے نتیجے میں پیدا ہوا ہے جو عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی کی جانب سے کابینہ میں شامل کئے جانے والے نئے وزراء کے ناموں کی فہرست پیش کئے جانے کے بعد سے شدّت اختیار کر گیا ہے۔