خان صاحب کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں: بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں، پوری قوم کو تشویش ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ خان صاحب کی صحت اور کیسز سے متعلق کچھ ہدایات ضرور ملی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی ہے، عدالتی حکم کے مطابق خان صاحب کو شفٹ کرنے اور علاج کی ہدایت کی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ بانئ پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا گیا تھا، سپریم کورٹ سے کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خان صاحب کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، ملک میں سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے، بانئ پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق فیصلے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف بانی عمران خان کی بہنیں جیل میں ہیں، تاحال ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، ان کو فوری رہا کیا جائے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel