مغربی عراق میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i228505-مغربی_عراق_میں_متعدد_دہشت_گردوں_کی_ہلاکت
مغربی عراق میں اس ملک کی فوج کی کارروائیوں میں داعش کے متعدد افراد ہلاک ہوگئے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۲۸, ۲۰۱۶ ۰۷:۴۰ Asia/Tehran
  • مغربی عراق میں متعدد دہشت گردوں کی ہلاکت

مغربی عراق میں اس ملک کی فوج کی کارروائیوں میں داعش کے متعدد افراد ہلاک ہوگئے-

الیوم السابع ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے لڑاکا طیاروں نے شام کی سرحد کے قریب واقع صوبہ الانبار کے شہر القائم میں تکفیری دہشت گرد گروہ کے ٹھکانوں پر حملے کرکے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا- داعش گروہ نے شہر فلوجہ اور الکرمہ شہروں کے درمیان واقع "البوعودہ " علاقے میں چار سو گھرانوں کا محاصرہ کر رکھا ہے جن میں سے بیشتر عورتیں اور بچے ہیں- تکفیری دہشت گرد گروہ داعش، اس شہر کے عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے جس کے سبب کارروائی سست رفتاری سے آگے بڑھ رہی ہے-

ایک اور خبر یہ ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ایک کمانڈر عدی الخدران نے شہر فلوجہ کے نزدیک الحراریات کارخانے کے اطراف میں داعش دہشت گرد گروہ کی بڑی سرنگ ملنے کی خبر دی ہے- الخدران نے کہا کہ داعش وسیع پیمانے پر سرنگیں کھودنے کے اقدامات کر رہا ہے تاکہ اس گروہ کے افراد کی جانیں کم ضائع ہوں اور فرنٹ لائن کی حفاظت ہوسکے- موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ سرنگ اتنی بڑی ہے کہ جو مختلف علاقوں کو ایک دوسرے سے ملاتی ہے-

دوسری جانب عراق میں بدر بریگیڈ کے سربراہ ہادی العامری نے کہا ہے کہ فلوجہ کی آزادی کے لئے فیصلہ کن معرکے کا عنقریب آغاز ہونے والا ہے اور فلوجہ پر عراق کا پرچم نصب کردیا جائے گا۔

ہادی العامری نے کہا کہ فلوجہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا ہے جس میں فلوجہ کے کئی علاقوں کو وہابی تکفیری دہشت گردوں کے ناپاک وجود سے پاک کردیا گیا ہے۔ بدربریگیڈ کے سربراہ نے کہا کہ ہمارا مقصد جنگ میں عوام کی جانوں کو بچانا ہے دہشت گرد عام شہریوں کو اپنی ڈھال بنا رہے ہیں۔ ہم وہ سب کچھ نہیں کرسکتے جو داعش دہشت گرد کرتے ہیں۔ ہم نے فلوجہ میں داعشیوں کو محاصرے میں لے لیا ہے ہم فلوجہ کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم نے تیئس مئی کو شہر فلوجہ کو داعش دہشت گردوں کے چنگل سے آزاد کرانے کی کارروائی کے آغاز کا اعلان کیا تھا اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار دستوں نے فلوجہ کی آزادی کی کارروائی شروع ہونے سے لے کراب تک، متعدد علاقوں کو داعش کے چنگل سے آزاد کرالیا ہے- عراقی حکام کا کہنا ہے کہ شہر فلوجہ میں چار سو سے چھ سو تک دہشت گرد موجود ہیں-