مشرقی افغانستان میں داعش کے ہاتھوں بچوں کا قتل عام
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i233443-مشرقی_افغانستان_میں_داعش_کے_ہاتھوں_بچوں_کا_قتل_عام
تکفیری دہشت گردگروہ داعش افغانستان کے مشرقی علاقوں میں افغان بچوں کا بے دردی کے ساتھ قتل عام کررہاہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۵, ۲۰۱۶ ۱۱:۳۹ Asia/Tehran
  • مشرقی افغانستان میں داعش کے ہاتھوں بچوں کا قتل عام

تکفیری دہشت گردگروہ داعش افغانستان کے مشرقی علاقوں میں افغان بچوں کا بے دردی کے ساتھ قتل عام کررہاہے-

مشرقی افغانستان کے صوبہ ننگرہارکی صوبائی کونسل کی ایک رکن نے بتایا کہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے افراد نے ہفتے کو صوبہ ننگرہار کے شہر کوٹ پرحملہ کرکے متعدد افغان بچوں کوبہیمانہ طریقے سے قتل کرکے کئی افغان خواتین کو یر غمال بنالیا -

صوبہ ننگرہار کی صوبائی کونسل کی رکن نیلوفرعزیز نے کہا کہ ابھی یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ داعش نے کتنے افغان بچوں کا قتل عام کیا اور کتنی خواتین کو یرغمال بناکر وہ اپنے ساتھ لے گئے ہیں - البتہ داعش اور افغان فوج کے درمیان ہونے والی لڑائی میں داعش کے اکیس دہشت گرد ہلاک اور تیئیس دیگر زخمی ہوگئے -

صوبہ ننگرہارکی مذکورہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اس لڑائی میں دس افغان فوجی بھی مارے گئے ہیں- بتایا جاتاہے کہ صوبہ ننگرہارکے شہروں "کوٹ" ، "چپرہار"، "اسپین غر" اور "ہسکہ مینہ" میں داعش نے اپنا اثرو رسوخ پیدا کرلیا ہے اور وقفے وقفے سے وہ سیکورٹی فورس کی چیک پوسٹوں اور لوگوں کےگھروں پر حملہ کرتے رہتےہیں-

افغانستان بالخصوص مشرقی علاقے میں داعش کی موجودگی کے باوجود افغانستان کے فوجی اور سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس گروہ کا اثراتنا نہیں ہے کہ فی الحال اس گروہ کو ملک کے لئے سب سے بڑا خطرہ سمجھا جائے -