افغان فوج کی کارروائی، 130 داعشی ہلاک
افغان فوج نے مشرقی صوبے ننگرہار میں جاری آپریشن کے دوران سو سے زائد داعشی دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
صوبہ ننگر ہار کے گورنر سلیم خان قندوزی نے بتایا ہے کہ گزشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران کوٹ ضلعے میں داعش کے ٹھکانوں پر افغان فوج کے فضائی حملوں اور زمینی جھڑپوں میں ایک سو تیس داعشی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
سلیم خان قندوزی نے بتایا کہ ان جھڑپوں میں بارہ افغان فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ اٹھارہ فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
ہفتے کے روز افغان ذرائع نے خبردی تھی کہ داعشی دہشت گردوں نے ضلع کوٹ پر حملہ کرکے کئی بچوں کو بے دردی کے ساتھ قتل کردیا ہے جبکہ متعدد خواتین کو اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے ہیں۔
افغانستان کے وزیردفاع عبداللہ حبیبی نے ہفتے کے روز ایوان کو بتایا تھا کہ ننگرہار صوبے میں داعش کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کردیا گیا ہے جو دہشت گردوں کی مکمل نابودی تک جاری رہے گا۔