مشرقی افغانستان میں آپریشن، 200 سے زائد داعشی دہشت گرد ہلاک
مشرقی افغانستان میں جاری فوجی آپریشن کے دوران دو سو سے زائد داعشی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔
مشرقی افغانستان کے صوبے ننگرہار کے گورنر کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کوٹ ضلعے میں ایک ہفتے سے جاری آپریشن کے دوران دو سو پچیس تکفیری داعشی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں متعدد داعشی سرغنہ بھی شامل ہیں۔
عطاءاللہ خوگیانی کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کے دوران چورانوے داعشی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک کوٹ ضلعے کے پینتالیس دیہاتوں کو داعش کے وجود سے پاک کیا جا چکا ہے۔
ننگرہار کے گورنر کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایک ہفتے سے جاری آپریشن میں بیس سیکورٹی اہلکار اور عام شہری جاں بحق اور بیس دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ داعش کے خاتمے تک اس علاقے میں فوجی آپریشن جاری رہے گا۔
ایک ہفتے قبل جمعے کو کوٹ ضلعے پر داعش کے حملے اور بے گناہ بچوں کے قتل کے بعد حکومت افغانستان نے اس علاقے میں فوجی آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
واضح رہے کہ پچھلے چند مہینوں کے دوران افغانستان کے مختلف شہروں خاص طور سے ننگر ہار میں داعش کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے۔