شمالی شام میں بفر زون قائم کرنے کا ترکی کا مطالبہ
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i246127-شمالی_شام_میں_بفر_زون_قائم_کرنے_کا_ترکی_کا_مطالبہ
ترکی کے صدر نے ایک بار پھر شمالی شام میں بفر زون قائم کرنے پر تاکید کی ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۰۲, ۲۰۱۶ ۰۸:۱۵ Asia/Tehran
  • شمالی شام میں بفر زون قائم کرنے کا ترکی کا مطالبہ

ترکی کے صدر نے ایک بار پھر شمالی شام میں بفر زون قائم کرنے پر تاکید کی ہے-

روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق رجب طیب اردوغان نے جمعے کو شمالی شام میں  ایک بفر زون  قائم کرنے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ انقرہ اس علاقے کو قائم کرنے کے مقصد سے عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیزتر کرے گا-

اردوغان نے اسی طرح شام میں ترک فوج کی موجودگی کے نتائج کا جائزہ لیتے ہوئے دعوی کیا کہ ان کے ملک کے فوجیوں نے شام میں چار سو کیلومیٹر سے زیادہ کے علاقوں سے، کردش پیپلز پروٹیکشن یونٹ (وائی پی جی) اور ڈیموکریٹک یونین پارٹی (پی وائی ڈی)  کے افراد کا صفایا کردیاہے-

رجب طیب اردوغان نے مزید کہا کہ ان کا ملک شمالی شام میں موجود کرد ملیشیا کو اس کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ ترکی کی جنوبی سرحدوں میں دہشت گردوں کے لئے گذرگاہیں قائم کریں -

اس سے قبل بعض ذرائع نے، چودہ جون کو ترکی اور امریکہ کے وزرائے دفاع کے درمیان بریسلز اجلاس میں، شام سے ملحقہ سرحد پر ایک بفر زون قائم کرنے کی خبر دی تھی -

قابل ذکر ہے کہ ترکی کے فوجی ٹینک بدھ  چوبیس اگست کو دہشت گرد گروہوں سے مقابلے کے بہانے شام کے صوبے حلب کے علاقے جرابلس میں داخل ہوگئے -

شام کی حکومت نے اس ملک کے شمالی علاقوں میں ترکی کے فوجی ٹینکوں کے داخل ہونے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اپنی قومی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے-