شام کے صوبہ حمص میں کانفرنس کا انعقاد
-
شام کے وزیر داخلہ محمد الشعار: یہ کانفرنس شامی قوم کے اتحاد کی ایک مثال ہے۔
شام کے صوبے حمص کی شخصیات نے ایک کانفرنس میں دہشت گردوں سے مقابلے اور باہمی اتحاد پر تاکید کی ہے-
شام کے ٹی وی چینل الاخباریہ کی رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز مشرقی حمص کے علاقے تل احمر میں ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں شام کے وزیر داخلہ اور صوبہ حمص کے حکام سمیت اس صوبے کے پچاس دیہی علاقوں کی شخصیات اور عمائدین نے شرکت کی- کانفرنس کے شرکاء نے اعلان کیا کہ شام میں اب دہشت گردوں کی کوئی جگہ نہیں ہے اور انہیں ان کے ملک سے نکل جانا چاہئے-
کانفرنس کے شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامی فوج کی حمایت پر تاکید کی-
شام کے وزیر داخلہ محمد الشعار نے اس کانفرنس میں کہا کہ یہ کانفرنس کہ جس میں شام کے سبھی طبقوں اور دھڑوں کے افراد نے شرکت کی ہے، شامی قوم کے اتحاد کی ایک مثال ہے اور اس طرح کی کانفرنسوں کا انعقاد شام میں وحدت و اتحاد کے فائدے میں ہے اور یہ کانفرنسیں دہشت گردوں کے مقابلے میں مزاحمت کی ایک شکل شمار ہوتی ہیں-
صوبہ حمص کے گورنر طلال البرازی نے بھی کہا کہ حمص کے پچاس دیہی علاقوں کی شخصیات نے اس کانفرنس میں شرکت کی اور انہوں نے شام میں امن و استحکام کی برقراری اور شام کی حکومت اور فوج کے ساتھ اپنی وفاداری کا اعلان کیا ہے-
شام کی حزب الشعب کے سیکریٹری جنرل شیخ " نواف الملحم " نے بھی کہا کہ حمص کے عوام نے دہشت گردوں کے مقابلے میں شامی قوم کے اتحاد کی ایک مثال قائم کی ہے-