افغان فوج کی کارروائیاں ، چوبیس دہشت گرد ہلاک
افغانستان میں فوج کے حملوں میں چودہ طالبان اور دس داعش دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں -
صوبہ ہلمند میں طالبان کے ٹھکانوں پر فوج کے حملے میں چودہ طالبان ہلاک ہوئے ہیں پرس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افغان فوج نے صوبہ ہلمند کے نادعلی علاقے میں طالبان کے اڈّوں کے خلاف کارروائی کی جس میں چودہ طالبان ہلاک اور چار زخمی ہوگئے - اس حملے میں بھاری مقدار میں طالبان کا فوجی ساز و سامان بھی تباہ کردیا گیا - دوسری جانب افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ ننگرہار میں داعش کے اڈوں پر افغان سیکورٹی اہلکاروں کے حملے میں دس داعش دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں - افغان وزارت دفاع کے بیان کے مطابق افغان سیکورٹی اہلکاروں نے صوبہ ننگرہار کے آچین ضلع کے باندر دیہات میں داعش کے اڈوں پر حملہ کرکے داعش کے دو کمانڈروں سمیت سات دہشت گردوں کو ہلاک اور ان کا فوجی ساز و سامان تباہ کر دیا - ایک اور رپورٹ کے مطابق صوبہ ننگرہار کے ضلع رودات اور ہسکہ مینہ میں داعش دہشت گردوں کے ساتھ افغان پولیس اہلکاروں کی جھڑپ میں تین داعش دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے- اس جھڑپ میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا تاہم عام شہریوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا - صوبہ ہلمند اور ننگرہار کا شمار افغانستان کے بدامن صوبوں میں ہوتا ہے جہاں طالبان اور داعش کے مسلسل حملوں کے نتیجے میں اب تک سیکڑوں عام شہری جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں-