افغانستان کی مدد کے لئے عالمی برادری سے اپیل
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو نے عالمی برادری سے دو ہزار سترہ میں افغانستان کے لئے بشر دوستانہ امداد کی اپیل کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے کابینہ کے اجلاس میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے تخمینے کے مطابق سنہ دو ہزار سترہ میں نوے لاکھ افغان شہریوں کو انسان دوستانہ امداد کی ضرورت ہو گی۔
انھوں نے کہا کہ گذشتہ ہفتوں میں افغانستان میں متاثرہ افراد کی مدد کے لئے پچپن کروڑ ڈالر کی درخواست کی جا چکی ہے۔عبداللہ عبداللہ نے عالمی برادری کی امداد کے حصول کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اندرون ملک اور بیرون ملک سے افغانستان پہنچنے والے افغان پناہ گزینوں کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق دو ہزار سولہ میں سات لاکھ سے زائد افغان پناہ گزین اپنے وطن واپس لوٹے ہیں۔