افغانستان: برفانی تودے گرنے سے ایک سو انیس افراد کی ہلاکت
افغانستان میں شدید سردی اور برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں ایک سو انّیس افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
ہماری پشتو سروس کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے انسانی امور اور قدرتی آفات کے وزیر واعظ احمد برمک نے کہا ہے کہ گذشتہ چند روز کے دوران افغانستان کے بائیس صوبوں میں شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں اب تک ایک سو انّیس افراد مارے جا چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں ہزاروں ہیکٹر زرعی زمینوں کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں مکانات بھی تباہ اور نواسی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کی سرحد کے قریب واقع صوبے نورستان میں دو قصبے برف میں دب گئے ہیں جہاں سینکڑوں کی تعداد میں مویشی بھی مارے گئے ہیں۔
افغانستان میں شدید برفباری اور برفانی تودے گرنے کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجان بہرام قاسمی نے افغانستان کی حکومت اور قوم سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں امداد رسانی کے عمل میں ایران کی شمولیت کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔