عراق میں دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i273634-عراق_میں_دسیوں_دہشت_گردوں_کی_ہلاکت
عراقی فوج نے صوبے صلاح الدین میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دسیوں داعش دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۲:۰۱ Asia/Tehran
  • عراق میں دسیوں دہشت گردوں کی ہلاکت

عراقی فوج نے صوبے صلاح الدین میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دسیوں داعش دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

عراقی فوج کی مشترکہ کمان نے اعلان کیا ہے کہ شمالی عراق میں واقع صوبے صلاح الدین میں داعش دہشت گردوں کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

العالم کی رپورٹ کے مطابق عراقی فضائیہ کے طیاروں نے شہر سامرا پر دہشت گردوں کے حملے سے قبل ہی البیضہ کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے پندرہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں دس بم دھماکہ کرنے والے عناصر شامل ہیں۔

عراقی فضائیہ کے طیاروں نے الرمان میں دہشت گردوں کے ایک بڑے ٹھکانے کو بھی نشانہ بنایا جس میں ایک سرغنہ سمیت گیارہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

مغربی عراق میں واقع قائم کے علاقے میں بھی عراقی فضائیہ کے طیاروں نے کم از کم پندرہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

عراق سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ عراقی عوامی رضاکار فورس نے بھی تلعفر کے پولیس اسٹیشن کے قریب دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے جس میں اڑتالیس دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

عوامی رضاکاروں نے شہر تلعفر کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کی کارروائی کا چھٹا مرحلہ شروع کر دیا ہے جس کے نتیجے میں اب تک کئی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا جا چکا ہے جن میں عین طلاوی، عین الحصان اور الشریعہ کے علاقے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ عراق میں مغربی موصل کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے ایک لاکھ سیکورٹی اہلکاروں کی بڑی فوجی کارروائی گذشتہ ہفتے اس ملک کے وزیر اعظم حیدر العباد کے حکم سے شروع ہوئی ہے۔

ادھر مغربی موصل میں بادوش نامی ایک قصبے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا۔

عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے بادوش کے علاق کو آزاد کرانے کے بعد وہاں عراق کا قومی پرچم لہرا دیا۔

عراقی پولیس کے سربراہ شاکر جودت نے کہا ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے الطیران اور الدواسہ کے درمیان واقع پل سے متعلق شاہراہ کو بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

ایک اور خبر یہ ہے عوامی رضاکاروں نے مغربی موصل میں درناج کے علاقے کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک و زخمی کر دیا۔

عوامی رضاکاروں نے درناج کی طرف پیش قدمی جاری رکھتے ہوئے عطشانہ کے علاقے میں پندرہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

واضح رہے کہ انّیس فروری سے جاری عراقی مسلح افواج کی کارروائیوں کے نتیجے میں درجنوں قصبوں اور دیہاتوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا جا چکا ہے۔