افغانستان کے صوبہ فراہ پر غیرملکی افواج کا ہوائی حملہ
افغانستان کے صوبہ فراہ کے مقامی ذرائع نے خبردی ہے کہ بالابلوک کے علاقے میں غیر ملکی افواج کے ہوائی حملے میں کم سے کم تیس عام شہری ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔
طلوع نیوز ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی صوبائی کونسل کے ایک رکن نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی زیرقیادت غیرملکی افواج کے اس ہوائی حملے میں آٹھ عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
اسپتال کے ذرائع نے بھی خبردی ہے کہ بالابلوک کے علاقے میں غیر ملکی طیاروں کے حملے میں بائیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
افغانستان کے مختلف علاقوں پر غیر ملکی افواج کے ہوائی حملوں میں اب تک سیکڑوں افغان شہری ہلاک اور زخمی ہوچکےہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکا نے افغانستان کے ساتھ سیکورٹی معاہدہ کرتے وقت عہد کیا تھا کہ وہ افغانستان کے مختلف علاقوں پر ہوائی حملے کرنے سے گریز کرے گا۔
اس وقت افغانستان کے بہت سے ارکان پارلیمان اس معاہدے پر نظرثانی کا مطالبہ کررہے ہیں۔