مغربی موصل میں عراقی فورس کی پیشقدمی
عراق کی فیڈرل پولیس کے سربراہ نے کہا ہے کہ پولیس اور ٹاسک فورس نے مغربی موصل کے تین حصوں میں داخل ہونے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے فیڈرل پولیس کے سربراہ شاکر جودت کے حوالے سے خبر دی ہے کہ فیڈرل پولیس نے الدندان، الدوابسہ اور نبی شیث کے علاقوں سے مغربی موصل میں داخل ہونے کی کارروائی اتوار کو بیک وقت شروع کر دی ہے-
اس تازہ پیش قدمی سے پولیس فورس، عملی طور پر مغربی موصل کے مرکزی علاقے باب الطوب سے، جہاں سرکاری دفاتر واقع ہیں رابطے میں آ جائے گی-
عراقی افواج نے گذشتہ ہفتے موصل کے مغربی حصے میں داعش کی فرنٹ لائن کو توڑتے ہوئے دو اہم محلوں الجوسق اور وادی حجر کو آزاد کرا لیا تھا-
واضح رہے کہ عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کے حکم سے مغربی موصل کو آزاد کرانے کی کارروائیوں کا آغاز فروری کے وسط سے ہوا ہے- ان کارروائیوں میں عراق کے ایک لاکھ مشترکہ فوجی اور سیکورٹی اہلکار شامل ہیں-
اس درمیان عراق میں میں ترکمن ممبر پارلیمنٹ نیازی معماری اوغلو پر اتوار کی صبح ایک قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ بال بال بچ گئے- ان پر یہ حملہ کردستان کی مقامی انتظامیہ کے صدر مقام اربیل میں کیا گیا- ترکمن ممبر پارلمینٹ پر یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ اپنے گھر میں تھے-
انہوں نے اس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اربیل میں ان پر یہ چوتھا قاتلانہ حملہ ہے- انہوں نے اس حملے کی ذمہ داری عراقی کردستان میں سرگرم کئی گروہوں پر عائد کی-