افغانستان میں مسلح گروہوں کے 28 عناصر کی ہلاکت
افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں افغان سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں میں مسلح گروہوں کے اٹھائیس عناصر ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع نے جمعے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران افغانستان کے مختلف صوبوں میں افغان سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں میں مسلح گروہوں کے اٹھائیس عناصر ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوئے ہیں۔افغانستان کی وزارت دفاع کے اعلان کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران چار مسلح افراد کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے والوں میں طالبان عناصر کے علاوہ پندرہ داعش دہشت گرد بھی شامل ہیں۔افغان وزارت دفاع نے ان کارروائیوں میں افغان سیکورٹی اہلکاروں کے نقصان کی طرف کوئی اشارہ کئے بغیر اعلان کیا ہے کہ افغان سیکورٹی اہلکاروں نےان کارروائیوں کے دوران بھاری فوجی ساز وسامان کو تباہ کرنے کے علاوہ کافی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ضبط کرلیا۔واضح رہے کہ افغان سیکورٹی اہلکاروں نے افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔