فرانس میں منتخب صدر میکرون کے خلاف مظاہرے
فرانس کے شہروں پیرس اور نانت میں سیکڑوں فرانسیسی شہریوں نےنو منتخب صدر امانوئل میکرون کے خلاف مظاہرے کئے ہیں۔
فرانس کے ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق فرانسیسی شہریوں نے دارالحکومت پیرس کے شمال مشرقی علاقوں سمیت کئی شہروں میں اتوار کی رات مظاہرے اور صدارتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدوار امانوئل میکرون کے استعفے کا مطالبہ کیا۔مظاہروں کے دوران پولیس کے ساتھ ان کی جھڑپیں بھی ہوئیں اور فرانسیسی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ نانت شہر میں ہونے والی جھڑپوں میں ایک سرکاری ملازم اور ایک فوٹو گرافر زخمی ہو گیا جبکہ تیرہ مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا۔واضح رہے کہ فرانس میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں میکرون نے پینسٹھ فیصد سے زائد ووٹ حاصل کر کے اپنی سیاسی حریف مارین لے پین کے مقابلے میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ انتالیس سالہ میکرون فرانس کی تاریخ کے سب سے کم عمر صدر منتحب ہوئے ہیں۔