امریکی طیاروں کی بمباری، 10 افغانستان پولیس اہلکار جاں بحق
امریکی طیاروں نے ایک بار پھر افغان پولیس اہلکاروں پر بمباری کی ہے۔
افغان ذرائع کے مطابق امریکی لڑاکا طیاروں نے افغان پولیس اہلکاروں کو گزشتہ شب صوبہ ہلمند کے علاقے ناد علی میں اس وقت اپنے حملے کا نشانہ بنایا جب وہ نماز جماعت ادا کر رہے تھے۔
اس حملے میں کم سے کم دس افغان پولیس اہلکار جاں بحق اور پندرہ دیگر زخمی ہو گئے جن میں سے متعدد کی حالت نازک ہے۔
امریکی طیارے اس سے پہلے بھی کئی بار افغانستان کے مختلف علاقوں میں سرکاری فوج اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا چکے ہیں۔
اس سے پہلے امریکی طیاروں نے ارزگان قندھار شاہراہ پر تعینات افغان پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا تھا جس میں سولہ پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے تھے۔
امریکی حکام ایسے حملوں کو فرینڈلی فائرنگ قرار دیتے ہیں اور ان کی نظر میں انسانی جانوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
افغان حکام، ارکان پارلیمنٹ اور سیاسی اور مذہبی رہنما، امریکی حملوں کو ملک کے اقتدار اعلی اور ارضی سالمیت کے منافی سمجھتے ہیں اور وہ کابل واشنگٹن سیکورٹی معاہدے پر نظرثانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔