عالمی تحقیقاتی کمیٹی کو سیاسی دباؤ کا سامنا
شام کے علاقے خان شیخون پر کیمیائی حملے کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ عالمی کمیٹی کو سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔
اقوام متحدہ اور کیمیائی ہتھیاروں کے پھیلاؤ کی روک تھام کرنے والی عالمی تنظیم اوپی سی ڈبلیو پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین ایڈمونڈ میولٹ نے سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ بعض ملکوں کی جانب سے تحقیقات پر براہ راست اور بلواسطہ دونوں طریقوں سے اثر انداز ہونے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسے پیغامات موصول ہوئے ہیں جن میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اگر اس کمیٹی کی رپورٹ مغربی ممالک کے خواہشات کے مطابق نہ ہوئی تو وہ اس کی توثیق نہیں کی جائے گی۔
اقوام متحدہ اور اوپی سی ڈبلیو کی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی اکتوبر کے وسط میں خان شیخون حملے کے بارے میں اپنی تحقیقاتی رپورٹ سلامتی کونسل کو پیش کرے گی۔
بہت سے ماہرین کا خیال ہے کہ شام کی حکومت پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام رائے عامہ کو گمراہ کرنے اور شام کی صورتحال کو الٹا دکھانے کی کوشش ہے جہاں صدر بشار اسد کی وفادار فوج دہشت گردوں کے خلاف کامیابیاں حاصل کر رہی ہے۔