شام کی جانب سے ترک صدر کی پالیسیوں کی مذمت
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i289468-شام_کی_جانب_سے_ترک_صدر_کی_پالیسیوں_کی_مذمت
شام کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کے صدر اردوغان کی جارحانہ پالیسیوں سے عالمی قوانین پامال ہو رہے ہیں۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۳:۴۱ Asia/Tehran
  • شام کی جانب سے ترک صدر کی پالیسیوں کی مذمت

شام کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کے صدر اردوغان کی جارحانہ پالیسیوں سے عالمی قوانین پامال ہو رہے ہیں۔

شام کے الاخباریہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے جمعے کو ایک بیان میں تاکید کے ساتھ کہا کہ شام کے اندر ترکی صدر کی توسیع پسندانہ اور جارحانہ پالیسیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ شام کی وزارت خارجہ کے بیان میں آیا ہے کہ اعزاز اور دیگر علاقوں میں ترکی کے نئے حملے شام میں ترکی کے تباہ کن کردار کی نشاندھی کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ شام کی حکومت اور عوام ترکی کو دہشت گردوں کا اتحادی اور شام کے خلاف سازش کرنے والا ملک سمجھتے ہیں۔
شام کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کے ساتھ کہا کہ شامی فوج اور حکومت اپنے ملک کا دفاع کرے گی اور تکفیری دہشت گردوں کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ کرتی رہے گی جن کی اردوغان حکومت حمایت کر رہی ہے۔
شمالی شام کے اعزاز نامی علاقے میں موجود ذرائع نے جمعرات کو خبر دی ہے کہ ترکی نے شامی حکومت کے مخالف مسلح گروہوں کی مدد کے لئے اس علاقے میں بھاری مقدار میں فوجی ہتھیار اور جنگی ساز و سامان منتقل کیا ہے۔