امریکی بمباری، متعدد افغان شہری جاں بحق
امریکہ کے جنگی طیاروں نے افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں رہائشی مکانات اور لڑکیوں کے ایک اسکول پر بمباری کی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے گزشتہ شب قندوز کے علاقے بندر خان آباد کے رہائشی علاقے اور خواجہ مشہد نامی اسکول کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری سطح پر اس واقعے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی مرنے والوں کی صحیح تعداد کے بارے میں کوئی واضح رپورٹ سامنے آئی ہے تاہم مقامی ذرائع کا کہنا ہے امریکی بمباری میں بڑی تعداد میں عام شہری مارے گئے ہیں۔
افغانستان کے رہائشی علاقوں، اسپتالوں، اسکولوں اور پبلک مقامات پر امریکہ کے خود سرانہ حملوں کے خلاف افغان عوام اور سیاسی و مذہبی رہنماؤں کی جانب سے سخت برھمی کا اظہار اور کابل واشنگٹن سیکورٹی معاہدے کو منسوخ کرنے کا پر زور مطالبہ کیا جارہا ہے۔