امریکی حملے میں متعدد افغان پولیس اہلکار جاں بحق
جنوبی افغانستان میں پولیس کے ایک مرکز پر امریکی بمباری میں بارہ افغان پولیس اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان ذرائع کے مطابق، امریکہ کے جاسوس طیاروں نے جمعے اور ہفتے کی درمیان شب صوبہ ہلمند کے ضلع گریشک میں واقع پولیس مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔
اس حملے میں کم سے کم بارہ افغان پولیس اہلکار جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
امریکہ نے یہ حملہ عین اس وقت کیا جب افغان پولیس نے تھوڑی دیر قبل مذکورہ سیکورٹی مرکز کو طالبان کے قبضے سے آزادا کرایا تھا۔
اس سے پہلے امریکی طیاروں نے کئی بار افغان سیکورٹی اہلکاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔
امریکہ کے خودسرانہ حملوں کے خلاف افغان عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور وہ حکومت افغانستان سے کابل واشنگٹن سیکورٹی معاہدہ منسوخ کیے جانے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔