چابہار بندرگاہ کی اہمیت پر افغانستان کی تاکید
افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ جنوبی ایران میں چابہار بندرگاہ کی توسیع سے علاقے کے تمام ملکوں کی معیشت کو رونق ملے گی۔
کابل سے موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے اپنے دورہ ہندوستان اور اس ملک کے اعلی حکام سے اپنی ملاقاتوں میں چابہار بندرگاہ کی توسیع کو پورے علاقے کے لئے اہم اور اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں ہندوستان کے عملی اقدامات کی ضرورت ہے اور اس کے عملی اقدامات ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی لین دین میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ہندوستان، چابہار بندرگاہ کے ترقیاتی منصوبے کی فوری تکمیل کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ ہندوستان نے اس پروجیکٹ پر وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران، افغانستان اور ہندوستان کے درمیان چابہار سے موسوم ایک معاہدہ طے پایاہے- اس معاہدے پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دستخط کئے تھے۔چابہار، ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے صدرمقام زاہدان کے جنوب میں چھے سو پچیس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔چابہار ایران کی ایک اسٹریٹیجک بندرگا ہے جہاں سے دنیا کے تمام ملکوں کو سامان برآمد اور وہاں سے درآمد کیا جاسکتا ہے۔