یمن پر وحشیانہ سعودی جارحیت، 23 یمنی شہری شہید
یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ بمباری میں مزید تیئیس عام شہری شہید اور متعدد دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔
یمن کی سرکاری خبررساں ایجنسی سبا نے ایک فوجی ذریعے کے حوالے سے خبردی ہے کہ شمالی صوبے صعدہ کے شہر رازح کے محلے شعبان پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری میں کم سے کم پندرہ عام شہری شہید ہوگئے۔
سعودی جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے ہی شہر سحار کے محلے بنی معاذ پربمباری کرکے آٹھ عام شہریوں کو شہید کردیا۔
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے ہی شہر کتاف کے علاقوں طیبہ الاسم اور الفرع پر تین مرتبہ بمباری کی جبکہ جارح سعودی طیاروں نے باقم شہر کے آل صبحان اور غمر علاقوں پر بھی کئی مرتبہ بمباری کی۔
دوسری جانب یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے بھی سعودی جارحیت کے جواب میں صوبہ شبوہ میں سعودی اتحادیوں کےفوجی ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے۔ المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمنی فوج کے اس حملے میں متعدد سعودی اتحادی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔